بنگلورو۔4اگست(ایس او نیوز) میڈیکل کورسوںمیں امسال داخلوں کیلئے نیٹ امتحان کے نتائج کے بعد بقیہ میڈیکل سیٹوں کیلئے ایک اور دور کی کونسلنگ کی جائے گی۔ وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل نے یہ بات بتائی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس بار سی ای ٹی کے ذریعہ تین ہزار میڈیکل سیٹوں میں داخلوں کا کام پورا ہوچکا ہے۔ 24اگست کو ہوئے نیٹ امتحان کے نتائج کا اعلان ابھی ہونا باقی ہے، جس کے بعد میڈیکل کورسوں میں داخلوں کیلئے تیسرے دور کی کونسلنگ شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ سی ای ٹی میں اگر میڈیکل سیٹوں کی دستیابی زیادہ رہی تو آن لائن ہی کونسلنگ کی جائے گی ، اور اگر سیٹوں کی تعداد کم رہی تو طلبا کو طلب کرکے آف لائن کونسلنگ کے ذریعہ سیٹوں کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر موصوف نے کہاکہ اگلے سال سے میڈیکل کورسوں میں داخلوں کیلئے کل ہند سطح پر نیٹ امتحان لیا جائے گا۔ اس رینکنگ کی بنیاد پر سیٹوں کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ انہوں نے بتایاکہ ریاست میں چھ نئے میڈیکل کالجس قائم کئے گئے ہیں اور ان میں 300افزود سیٹیں دستیاب ہیں۔اگلے سال مزید چھ میڈیکل کالجوں کی شروعات کا فیصلہ کیاگیا ہے جس سے افزود سیٹوں کی تعداد بڑھ کر 600تک پہنچ جائے گی۔ میڈیکل پوسٹ گریجویشن کورسوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے متعلق ڈاکٹر پاٹل نے بتایاکہ نجی کالجوں میں بھی اگر میڈیکل پوسٹ گریجویشن کورسس شروع کرنے کیلئے حکومت سے درخواست کی گئی تو آنے والے دنوں میں حکومت انہیں منظوری دینے کیلئے تیار ہے۔